لکھنؤ،یکم اپریل (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)اتر پردیش کے نائب وزیر اعلی کیشو پرساد موریہ نے دعوی کیا ہے کہ بی ایس پی سربراہ مایاوتی اور ایس پی صدر اکھلیش یادو باہمی اتحاد کرکے اور کمزور ہو گئے ہیں۔موریہ نے یہاں بات چیت میں کہا نہ تو اکھلیش یادو اور نہ ہی مایاوتی خود کواتحاد میں مضبوط کر پائے ہیں۔حقیقت یہ ہے کہ اتحاد کر کے یہ دونوں ہی کمزور ہو گئے ہیں۔اکھلیش کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایک شخص جو اپنے والد کا نہ ہوا، وہ پھوپھی (مایاوتی) کے ساتھ جھوٹا اتحادکس طرح ادا کر سکتے ہیں۔کیا آپ کو لگتا ہے کہ ایسے تعلقات زیادہ دن چل پائیں گے؟ انہوں نے کہا وہ اس بات کو لے کر فکر مند ہیں کہ کیا ایس پی کا ووٹ بی ایس پی میں اور بی ایس پی کا ووٹ سماجوادی پارٹی میں منتقل ہو پائے گا۔جب انہیں یہ پتہ لگتا ہے کہ ایسا نہیں ہو پائے گا تو ان کا ذہنی دباؤ اور بلڈ پریشر دونوں بڑھ جاتا ہے۔موریہ نے مہاگٹھ بندھن بنانے والی ایس پی، بی ایس پی اور آر ایل ڈی پر طنز کرتے ہوئے ایس پی کو ختم پارٹی، بی ایس پی کو بالکل ختم پارٹی اور آر ایل ڈی کے لیے روز لڑھکتی پارٹی قرار دیا اور کہا کہ ان پارٹیوں کا کردار سب کو معلوم ہے۔انہوں نے دعوی کیا کہ ایس پی۔بی ایس پی۔آر ایل ڈی کا اتحاد اترپردیش میں کہیں بھی بی جے پی کے لیے چیلنج نہیں بن پائے گا۔سال 2014 میں ہم رائے بریلی، امیٹھی اور اعظم گڑھ سمیت وہ تمام سیٹیں بھی جیت جائیں گے جہاں ہم ہار گئے تھے۔